واشنگٹن،4اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مشرق وسطی کے معروف ترین میڈیا گروپMBC نے پیر کے روز ایک بیان میں MBC4 چینل پر کئی ماہ سے جاری ایک خصوصی مہم کے حوالے سے وضاحت پیش کی ہے۔ مہم کا موضوع عرب دنیا میں عورت کے اختیارات میں اضافہ اور معاشرے میں اس کے کردار کو مضبوط بنانا ہے۔ مذکورہ وضاحتی بیان سوشل میڈیا پر بعض حلقوں کی جانب سے اس خصوصی مہم کے خلاف الزامات عائد کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔جاری بیان میں MBC گروپ نے واضح کیا کہ اس کے”نیو میڈیا سیکشن“ میں کام کرنے والے ایک اہل کار نے بنیادی مہم سے نئے حصے اختراع کر کے جدت پیدا کرنے کی ذمے داری اپنے سر لے لی تھی اور پھر اس طرح کے اضافے سامنے آئے جن کا اصل مہم سے تعلق نہیں تھا۔ مذکورہ اہل کار نے جدت کا غلط انداز اپنایا اور لغوی صیاغت کا ایسا اسلوب اختیار کیا جو MBC کی جانب سے ناقابل قبول ہے۔ اس کے نتیجے میں اصل مہم کے مرکزی ہدف یعنی عرب دنیا میں عورت کے حقوق کی سپورٹ کو نقصان پہنچا۔بعد ازاں MBC فوری تدابیر اختیار کیں جن میں مہم کے متعلق اضافی ٹوئیٹس کو حذف کرنا شامل ہے۔ ان ٹوئیٹس کو متن اور صورت کے لحاظ سے نامناسب اور جارحانہ شمار کیا گیا تھا۔
بیان کے مطابقMBC اس اقدام میں دانستہ یا غیر دانستہ طور پر شریک تمام افراد کے خلاف مناسب کارروائی کرے گا جن کے سببMBC4 چینل کی یہ مہم اپنے صحیح راستے سے ہٹ گئی۔ علاوہ ازیں مستقبل میں اس طرح کی غلطیوں کے دوبارہ واقع نہ ہونے کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔